پنجاب رنگ -
" بِلّا" آخری قسط
شام 8 بجے شرفو مُسلّی کے ڈیرے سے لالی بخیریت بازیاب ہو گئ-
پولیس نے شرفو کو مار مار کر دُنبہ بنا دیا- ایک اچھّے سیاسی ورکر کی طرح وہ ہر چھتّر پر " شیر اک واری فیر " کا نعرہ لگاتا رہا مجال ہے جو چوھدری کا نام تک لیا ہو-
اس کا دو سطری بیان پاکستان پینل کوڈ کی کسی دفعہ سے نہ ٹکراتا تھا ...
" کُڑی راہ بھُول کے آ گئ تھی ... ہم نے دِھی بھین سمجھ کے پناہ دے دی .... !!!"
رات 10 بجے بِلّے کی ٹرالی دھول مٹّی اڑاتی سول ھسپتال پہنچی- سرکاری شفاخانے میں اس وقت لوڈشیڈنگ کا راج تھا-
ھچکیاں لیتے بِلّے کو ٹرالی میں ہی چھوڑ کر ھاری لوگ ڈاکٹر کی تلاش میں دوڑے- ھسپتال کا چپّہ چپّہ چھانا گیا مگر ڈاکٹر کا اتّا پتہ نہ مل سکا- لے دے کے ایک ڈسپنسر میسّر آیا ، جس نے مدعا سنتے ہی کانوں کو ہاتھ لگایا اور کہا ...
"پاٰئ مجھے ایس رولے سے دور ہی رکھو ... میرے نکّے نکّے بچّے ہیں !!! "
تقریباً ساڑھے دس بجے چوھدری مبارک کی "خصوصی کوششوں" سے ڈاکٹر " بازیاب" ہو سکا- ٹرالی پر چڑھ کر وہ کافی دیر تک بِلّے کا معائنہ کرتا رہا- پھر چارپائ اُتروا کر ایمرجنسی میں شفٹ کرا دی-
چوھدری صاحب واپس ڈیرے پر پہنچے ہی تھے کہ ھسپتال سے شعبان کی کال آئ ...
"چوھری صاب .... بِلّا .... اِنا للہ ہو گیا ہے"
چوھدری نے ایک ٹھنڈی سانس لی اور کہا
"اچھا ٹھیک اے ... ڈاکٹر سے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بنوا کے لاش تھانے لے آؤ ....."
اس کے بعد چوھدری صاحب نے پولیس اسٹیشن کا نمبر ملایا-
" انسپکٹر صاب .... ایف آئ آر نویں کَٹّو .... 302 کا کیس بناؤ .... مُنڈا فوت ہو گیا جے ... "
اگلے کچھ روز پِنڈ انیس اور بیس میں خوب گہما گہمی رہی- چوھدری مبارک کو سیاسی کیرئیر میں پہلی بار ایک لاش میسّر آئ تھی ، اس نے وہی کیا جو ایک "اچھّے" سیاستدان کو کرنا چاھئے- بِلّے کا آخری بیان ایک ایسی "دونالی بندوق" تھی جس سے ہر "ویری" کو باآسانی ٹھکانے لگایا جا سکتا تھا-
جٹّوں کے خلاف تگڑا کیس بنا- ہر وہ شخص اندر ہوا جو چوھدری کے سامنے کبھی ذرا سا بھی "کھانسا" تھا- لالی کا ابّا فتّو بھی گیہوں کے ساتھ گھن کی طرح پس کے رہ گیا-
چوھدری کا سیاسی حریف مرید جٹ بہرحال بچ گیا- لوگ کہتے ہیں اوپر سے فون آیا تھا کہ "دشمن" کو ختم نہیں کرنا بلکہ اپاہج بنا کر رکھنا ہے-
اس کے بعد دونوں پنڈوں میں بے شمار میٹنگیں ، "پرھیں" اور جرگے منعقد ہوئے- چوھدری ہر میٹنگ میں گج وج کر شامل ہوا- 8 لاکھ سے شروع ہونے والی "خون کی بولی" فریق مخالف کے ترلوں اور منتوں کے بعد 3 لاکھ پر جاکر تمام ہوئ- تینوں ملزمان ایک ایک لاکھ روپے دیکر بالاخر خون بہا کی شرط پر آزاد ہوئے- یہ خون بہا چوھدری کی "خصوصی کوششوں" سے بِلّے کے باپ فقیریا نے وصول کیا-
چوھدری مبارک جو پہلے ہی پنڈ کا "شیر" تھا ، اب ببّر شیر بن چکا ہے- "بِلّے" کی موت نے جٹّوں کا "بَلّا" (بیٹ) بھی دفن کر دیا ہے- لوگ اگلی واری فیر شیر کی امید باندھے بیٹھے ہیں-
رہی "لالی" .... تو اس کی کوئ خیر خبر نہیں- جب سے میڈیا کے کان لمبے ہوئے ہیں سرکاری لکڑیاں کاٹنا اور " کاری لڑکیاں" کاٹنا خاصا مشکل ہو گیا ہے- عشق کا داغ تھوڑی بہت دھلائ سے اتر جائے گا ، البتہ عزّت پر لگا دھبّا اسے کسی بوڑھے یا رنڈوے کی دلھن بنا کر ہی چھوڑے گا-
"بِلّا شہید" کا ٹریکٹر آج کل بند ہے اور سوکھی پرالی میں لالیاں اداس پھرتی ہیں-
Comments
Post a Comment